Health

دل کی سرجری کیلئے بھارت جانے والی فیصل آباد کی 7 سالہ زینب دم توڑ گئی

دل کے علاج کے لیے بھارت جانے والی فیصل آباد کی 7 سالہ زینب لدھیانہ کے اسپتال میں انتقال کرگئی۔

والد کے مطابق کمسن زینب کے دل میں 3 سوراخ تھے اور اس کے دل کا بایاں حصہ بھی کام نہیں کر رہا تھا۔

بچی کے والد کے مطابق فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ڈاکٹروں نے بتایا تھا کہ پاکستان میں زینب کی سرجری کے سلسلے میں خطرات ہیں، جس کے بعد انہوں نے بھارت میں بیٹی کے علاج کے لیے رابطہ کیا۔

بعدازاں زینب کے والد اسے بھارتی شہر لدھیانہ لے گئے، جہاں کے ایک اسپتال میں گزشتہ رات اس کی سرجری کی گئی اور اسے انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں منتقل کردیا گیا۔

والد کے مطابق ڈاکٹروں نے بتایا تھا کہ زینب کی سرجری کامیاب ہوئی ہے، لیکن آئندہ 24 گھنٹے بچی کے لیے اہم ہیں۔

تاہم آج صبح 4 بجے زینب نے دم توڑ دیا۔

نجی اسپتال نے زینب کی میت تو والدین کے حوالے کر دی، تاہم میت پاکستان واپس لانے کے لیے غمزدہ والدین سخت پریشان ہیں۔

زینب کے والد نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں الزام عائد کیا کہ سفری دستاویزات کے لیے پولیس کبھی ایک دفتر تو کبھی دوسرے دفترکے چکر لگوا رہی ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے بیٹی کی میت واپس لانے کے لیے پاکستانی سفارتخانے سے مدد کی بھی اپیل کی۔

Tags
Show More

Related Articles

Close