Weather

کراچی میں سال کا گرم ترین دن، پارہ 45 ڈگری تک جا پہنچا

کراچی میں آج سال کا گرم ترین دن ہے اور شہر کا درجہ حرارت 45 ڈگری تک جا پہنچا ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج بھی سورج کے خطرناک تیوروں کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ کراچی، لاہور، فیصل آباد، ملتان، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ سمیت کئی شہروں میں آج موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کےمطابق ملک کے مختلف شہروں میں شدید گرمی ریکارڈ کی گئی ہے جس میں سب سے زیادہ گرمی سندھ کے شہر لاڑکانہ میں ریکارڈ کی گئی جہاں پارہ 47 ڈگری تک جا پہنچا۔

اس کےعلاوہ کراچی میں آج سال کا گرم ترین دن ہے اور پارہ 45 ڈگری تک جا پہنچا ہے جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 7فیصد ہے۔

اس کے علاوہ اندرون سندھ دادو میں 46، سکھر  میں 45 جب کہ حیدرآباد اور نواب شاہ میں 43 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

بلوچستان کے ضلع لسبیلہ پڈعیدن اور پسنی میں درجہ حرارت 40  ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ تربت میں پارہ 45 تک جا پہنچا۔

فیصل آباد، خانپور اور سیالکوٹ میں درجہ حرارت41، ملتان 42، لاہور میں 40 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جب کہ اسلام آباد اور پشاور میں پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے آج کراچی میں پارہ 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیشگوئی کی تھی، گزشتہ روز کراچی میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا جب کہ گزشتہ روز ملک کا گرم ترین شہر موہن جوڈرو تھا، جہاں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا تھا۔

محکمہ موسمیات نے کراچی میں شدید گرمی کی لہر جمعرات تک برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے، تاہم جمعے سے شہر میں سمندری ہوائیں بحال ہونے سے ہفتہ اور اتوار کو موسم بہتر رہنے کی توقع ہے۔

گرمی 10 روز تک رہےگی: وزارت ماحولیات

وزارت ماحولیاتی تبدیلی نے بھی اگلے دس دن کے دوران ملک بھر میں شدید گرمی کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ گرمی کے دوران ہیٹ اسٹروک کے خدشات بہت زیادہ ہیں۔

کراچی میں ہیٹ ویو کے پیش نظر بلدیہ عظمیٰ نے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے۔

گزشتہ روز جاری کیے گئے نوٹیفیکشن میں کہا گیا تھا کہ محکمہ کے ایم سی کے ماتحت اسپتالوں میں 29 سے 31 مئی تک ہنگامی حالت نافذ رہے گی اور  پیرامیڈیکل اسٹاف اور ڈاکٹروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کیلئے کیا کریں؟

ترجمان وزارت ماحولیاتی تبدیلی محمد سلیم کے مطابق ہیٹ اسٹروک کی علامات میں بخار، شدید سر درد، جسم کا سرخ اور گرم ہونا، متلی، قے اور بے ہوشی ہے اور ان علامات کی صورت میں فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔

ترجمان کے مطابق  ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے بزرگ، بچے اور روزہ دار بلاوجہ باہر نہ نکلیں۔

وزارت ماحولیاتی تبدیلی کے ترجمان کے مطابق ہیٹ اسٹروک کے مریض کو چھاؤں یا ٹھنڈی جگہ پر منتقل کردینا چاہیے اور مریض کوغنودگی سے بچانے کے لیے ٹھنڈا پانی پلانا چاہیے۔

جب کہ سر اور جسم پر نل کے پانی کی پٹیاں کرنے اور بغل میں برف رکھنے کی بھی ہدایت کی جاتی ہے۔

طبی ماہرین کی ہدایت

طبی ماہرین نے احتیاطی ہدایت دی ہیں کہ شدید گرمی میں شہری ہلکے اور ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہنیں، شہری بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور  سایہ دار جگہوں پر رہنے کی کوشش کریں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہےکہ شدید گرمی میں شہری دھوپ میں نکلتے وقت سر ڈھانپ کررکھیں اور باہر نکلنے والے وقفے وقفے سے منہ ہاتھ دھوتےرہیں۔

Tags
Show More

Related Articles

Close